ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف انڈیا بلاک کی پارٹیاں پوری طرح متحد نظر آ رہی ہیں۔ آج پریس بریفنگ کے دوران ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی، ممتا بنرجی، فاروق عبداللہ، سپریا سولے، تیجسوی یادو، دیپانکر بھٹاچاریہ، کپل سبل اور محبوبہ مفتی جیسے سرکردہ لیڈران یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے کہا کہ ’’انڈیا بلاک کی میٹنگ میں بات چیت بہت اچھی رہی اور ووٹ چوری سے جڑے معاملے پر سبھی نے اپنی بات رکھی۔ ہم سبھی کا ماننا ہے کہ بی جے پی، نریندر مودی، امت شاہ اور گیانیش کمار نے جمہوری نظام پر حملہ کیا ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے میڈیا کے سامنے سخت انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم یہ سب کچھ خاموشی سے برداشت نہیں کرنے والے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے، اور یہ انڈیا اتحاد کے تمام لیڈران کا ذاتی عہد ہے کہ جن لوگوں نے ہندوستانی جمہوریت کو تباہ کیا ہے، انہیں سزا ملے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کتنے بڑے عہدے پر ہیں یا کون ہیں۔ ہندوستانی جمہوریت اس ملک کے ہر ایک فرد سے بڑی ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میں اپوزیشن کے تمام لیڈران کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اجتماعی طور پر ہندوستانی آئین کے محافظ ہیں۔‘‘
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے ووٹ چوری کو ایک انتہائی سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’اپوزیشن نے ہندوستانی عوام تک یہ بات پہنچانے میں کامیابی حاصل کی ہے کہ انتخابات میں چوری کی جا رہی ہے اور نریندر مودی و امت شاہ نے ہندوستانی جمہوریت کو تباہ کر دیا ہے۔ خصوصاً نوجوانوں میں مزاحمت کا ایک نیا جذبہ پیدا ہوا ہے، جو سمجھتے ہیں کہ ہندوستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ غلط ہے اور اسے روکا جانا چاہیے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہمیں یقین ہے، آئندہ چند ماہ کے دوران ہم ملک میں نمایاں تبدیلیاں لانے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘
اس پریس بریفنگ میں مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی چیف ممتا بنرجی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے خلاف اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج ملک میں ایک بڑا گھوٹالہ ہوا ہے، جس کا نتیجہ عوام برداشت کر رہی ہے۔‘‘ وہ کہتی ہیں کہ ’’بی جے پی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ ملی بھگت کر کے الگ الگ ریاستوں میں حکومت بنائی۔ لیکن اب پردہ فاش ہو چکا ہے کہ گیانیش کمار چور ہے، ڈاکو ہے۔‘‘
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر مختلف طریقوں سے ووٹ چوری کرنے کا سنگین الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گیانیش کمار نے لوگوں کا ووٹ چوری کیا، ای وی ایم کو جلا دیا اور ووٹ شماری میں گڑبڑی کی۔ اس لیے گیانیش کمار کو فوراً استعفیٰ دینا ہوگا۔‘‘ انھوں نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر گیانیش کمار نے استعفیٰ نہیں دیا تو ہم لوگ بڑی تحریک کریں گے۔ ہم سبھی مل کر اس ’ووٹ چوری‘ کے خلاف لڑیں گے۔ ہم لڑیں گے، جیتیں گے، جمہوریت اور آئین کی حفاظت کریں گے۔‘‘
