لائیو ٹی وی

ملک بھر میں سڑک حادثات، 15 ہلاک، درجنوں زخمی

مہاراشٹر، اتر پردیش اور رانچی میں پیش آئے دلخراش واقعات میں کئی کنبے غمزدہ۔

مختصر جواب

ملک بھر میں ہونے والے سڑک حادثات میں 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، جن میں مہاراشٹر کے امراوتی میں 7، اتر پردیش کے امبیڈکر نگر میں 4، اور رانچی میں 4 افراد شامل ہیں۔

اہم نکات

  • ملک بھر میں سڑک حادثات میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
  • مہاراشٹر کے امراوتی میں ٹرک اور ٹیمپو پک اَپ کی ٹکر میں 7 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے۔
  • اتر پردیش کے امبیڈکر نگر میں بس اور ٹریلر کی ٹکر میں 4 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
  • رانچی میں 2 الگ الگ حادثات میں مجموعی طور پر 4 افراد کی موت ہوئی۔
  • امراوتی میں 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 15 معمولی زخمی ہوئے۔
  • رانچی میں موٹر سائیکل حادثہ میں ہلاک ہونے والے 3 افراد نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا۔
ایک ایمبولینس اور ٹرین کے قریب کھڑے لوگ، جن کے سامنے پتے ہیں۔
مہاراشٹر کے امراوتی میں ٹرک اور عقیدتمندوں سے بھرے ٹیمپو پک اَپ کی ٹکر کا منظر۔

آج ملک بھر میں الگ الگ مقامات پر کئی سڑک حادثات ہوئے، جن میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہو گئے اور زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔ ان حادثات نے کئی کنبوں پر غموں کا پہاڑ توڑ دیا ہے۔ کچھ حادثات میں ہندو عقیدتمندوں کی دردناک موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ سب سے خوفناک حادثہ مہاراشٹر کے امراوتی میں پیش آیا جہاں ٹرک اور عقیدتمندوں سے بھرے ٹیمپو پک اَپ کی زوردار ٹکر ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امراوتی ضلع میں سمردھی ایکسپریس وے پر چینل نمبر 97 کے پاس یہ حادثہ ہوا، جس میں 7 لوگ ہلاک اور کم از کم 21 زخمی ہوئے ہیں۔ امراوتی دیہی ایس پی نکیتن کدم نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں میں 5 کی حالت انتہائی سنگین ہے، جبکہ کم و بیش 15 لوگ معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے بعد زخمیوں کو دھامن گاؤں دیہی اسپتال پہنچایا گیا اور پولیس نے واقعہ کی فوری طور پر تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔

دوسرا دردناک واقعہ اتر پردیش کے امبیڈکر نگر میں جمعہ کی صبح پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیت پور تھانہ حلقہ میں گورکھ پور لنک ایکسپریس وے پر ایک بس آگے چل رہے ٹریلر میں پیچھے سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا زوردار تھا کہ بس میں سوار 4 مسافروں کو جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔ 4 دیگر مسافر سنگین طور پر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب انھیں علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

حادثہ گورکھپور لنک ایکسپریس وے پر کلومیٹر نمبر 85 کے پاس ہوا۔ وولوو بس لکھنؤ سے گورکھپور جا رہی تھی، اسی دوران بس نے آگے چل رہے ٹریلر کو زوردار ٹکر مار دی۔ اس ٹکر کے سبب بس کا اگلا حصہ بری طرح ٹوٹ گیا اور مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ آس پاس سے گزر رہے لوگوں نے حادثہ کی خبر فوراً پولیس کو دی۔ زخمیوں کو پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے بس کے باہر نکالا گیا اور علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔

واقعات رانچی میں بھی پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر 4 لوگوں کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح جریا کے پاس ایک کار آگے چل رہے ٹریلر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے بعد کار کچھ دور تک ٹریلر کے ساتھ گھسٹتی چلی گئی۔ اس حادثہ میں ایک شخص کی موت ہوئی، جبکہ 2 دیگر زخمی ہو گئے۔ بیرو تھانہ انچارج کفیل احمد نے بتایا کہ مہلوک اور زخمیوں کی شناخت ابھی نہیں ہو پائی ہے۔ دوسرا حادثہ جمعرات کی شب رنگ روڈ پر اروند مل کے پاس پیش آیا۔ وہاں ایک موٹر سائیکل کی بھاری گاڑی سے ٹکر ہو گئی۔ حادثہ میں بائک پر سوار 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ کے وقت تینوں میں سے کسی نے بھی ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا۔ نامکم تھانہ انچارج رام نارائن سنگھ نے بتایا کہ مہلوکین کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان تھی۔

Share this story

WhatsAppXFacebook