لائیو ٹی وی

گیانیش کمار کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج، 700 افراد حراست میں، کانگریس نے شیئر کی ’بھوت‘ کی ویڈیو

ایس آئی آر میں مبینہ بے ضابطگیوں پر نوجوانوں کا شدید ردعمل، دہلی میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں

مختصر جواب

ایس آئی آر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف نوجوانوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے دوران دہلی پولیس نے تقریباً 700 افراد کو حراست میں لے لیا۔

اہم نکات

  • نوجوانوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
  • دہلی میں تقریباً 700 افراد کو پولیس نے حراست میں لیا۔
  • حراست میں لیے گئے افراد میں یوگیندر یادو اور آتشی جیسی شخصیات شامل ہیں۔
  • کانگریس نے گیانیش کمار کے خلاف ایک ’بھوت‘ کی دلچسپ ویڈیو شیئر کی۔
  • یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو چب نے ’بھوت‘ کی وضاحت کی۔
  • سی پی آئی-ایم نے احتجاجی مظاہرین کو مبارکباد پیش کی۔
دو سیاستدان الیکشن مشینوں پر انگلیوں سے اشارہ کر رہے ہیں۔
دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر نوجوانوں کا احتجاج۔

ایس آئی آر میں مبینہ بے ضابطگی کی خبروں سے ناراض نوجوانوں نے آج دہلی کی سڑکوں پر نکل کر نہ صرف چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا استعفیٰ طلب کیا، بلکہ مودی حکومت کو بھی نشانے پر لیا۔ دہلی کے جنتر منتر پر آج صبح سے ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچنے لگی تھی، جس کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ایک طرف بڑی تعداد میں نوجوانوں نے این ایس یو آئی چیف ونود جاکھڑ کی قیادت میں پیدل امن مارچ نکالتے نظر آئے، تو دوسری طرف جنتر منتر پر انڈین یوتھ کانگریس کے صدر اودے بھانو چب کی قیادت میں ہزاروں لوگ ووٹ چوری کے خلاف فلک شگاف نعرے لگاتے نظر آئے۔

ان احتجاجی مظاہروں کے درمیان کئی مواقع ایسے آئے جب دہلی پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں نے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگوں کے خلاف بھی طاقت کا استعمال کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں کم و بیش 700 لوگوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، جن میں معروف سماجی کارکن یوگیندر یادو، آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسو سی ایشن کی صدر نیہا بورا اور عآپ لیڈر آتشی جیسی شخصیات شامل ہیں۔ یوگیندر یادو نے تو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے حراست میں لیے جانے والی اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے، جس کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’دم ہے کتنا دمن (استحصال) میں تیرے، دیکھ لیا ہے دیکھیں گے...۔‘‘

یوگیندر یادو نے حراست میں لیے جانے کے بعد کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں وہ مودی حکومت اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج کو برطانوی حکومت کے خلاف مجاہدین آزادی کی جنگ جیسا بتا رہے ہیں۔ انھوں نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’پارلیمنٹ میں تحریک مواخذہ ہونے دیا جائے یا نہ ہونے دیا جائے، دہلی کی سڑک پر ’مکھیہ چناؤ ابھیُکت (ملزم)‘ گیانیش کمار کے خلاف تحریک مواخذہ شروع ہو چکی ہے۔ بی جے پی اور گیانیش کی جگل بندی اب ملک برداشت نہیں کرے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے ’گیانیش کمار استعفیٰ دو! ایس آئی آر رَد کرو!‘‘ نعرہ بھی لکھا ہے۔

اس درمیان کانگریس نے ایک انتہائی دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ’بھوت‘ گیانیش کمار کے خلاف احتجاج درج کراتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اس زندہ بھوت کو سنیے... یہ ’ووٹ چور‘ گیانیش کو جیل بھیجنے کا عزم کر کے نکلا ہے۔ اب گیانیش کا بچنا مشکل ہے۔‘‘ اس ’بھوت‘ کے بارے میں پوچھنے پر اودے بھانو چب نے میڈیا سے کہا کہ ’’یوتھ کانگریس جنتر منتر پر بھوت بن کر آئے ہیں، کیونکہ لوگوں کے ووٹ کاٹ دیے گئے ہیں۔ ایسے میں وہ کیا کریں گے، وہ تو پھر بھوت ہی ہیں نہ!‘‘

کانگریس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بی جے پی کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے ’ووٹ چور کہاں ملے گا، بی جے پی کے دفتر میں‘ نعرہ بھی لکھا ہے۔ گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’آج جنتر منتر پر اودے بھانو چب کی قیادت میں آئی وائی سی کے نوجوان ساتھیوں نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف زوردار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مودی-گیانیش کے سیاہ کارنامے ملک کے سامنے آ چکے ہیں، کسی کو بخشا نہیں جائے گا، اب حساب ہوگا۔‘‘

آج مودی-گیانیش کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں کئی سیاسی و سماجی تنظیموں کے نوجوان پیش پیش نظر آئے۔ سی پی آئی-ایم نے نوجوانوں، طلبا اور ان بڑی تعداد میں جمع ہوئے لوگوں کی مبارکباد بھی پیش کی، جنھوں نے آج سبھی پابندیوں کا سامنا کرتے ہوئے دہلی کی سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی نے عوام سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس طرح کے مظاہروں میں شامل ہو کر جاری جدوجہد کو مزید مضبوطی فراہم کریں۔ ساتھ ہی عزم ظاہر کیا کہ جمہوریت کو بچانے اور الیکشن کمیشن جیسے اداروں کی غیر جانبداری بنائے رکھنے کے لیے یہ تحریک جاری رہے گی۔

Share this story

WhatsAppXFacebook